جلد عمران خان سے ملاقات ہوگی، جہانگیر ترین

پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عمران خان سے دیرینہ تعلق ہے، خان صاحب سے ایسا رشتہ ہے جو کمزور نہیں ہونا چاہیئے، جلد وزیراعظم سے ملاقات ہو جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف سول مقدمات کوفوجداری مقدمات میں تبدیل کر دیا گیا ہے، عدالت سے انصاف ضرور ملے گا، ایسا تو ن لیگ نے بھی نہیں کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یقین دہانی کرائی گئی کہ ہمارے گروپ کی چند دنوں میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہو گی، ہمارا گروپ صرف عمران خان سے ملے گا، کمیٹی کی خبر ٹی وی پر سنی، ہم سے کسی سیاسی کمیٹی نے رابطہ نہیں کیا۔

جہانگیر ترین نے کہاکہ اسلام آباد سے ٹھنڈی ہوا چلی تو مطمئن ہوئے، میرا خان صاحب سے دیرینہ تعلق ہے جلد ہی ملاقات ہوجائے گی، ان سے رشتہ کمزور نہیں۔

دوسری جانب سیشن کورٹ نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی۔

سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

جہانگیر ترین کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جہانگیر اور علی ترین شامل تفتیش ہو رہے ہیں، ہم تفتیش میں مکمل تعاون کر رہے ہیں، جو الزامات ہیں اس میں سرخرو ہونگے، دونوں مقدمات میں تمام تر الزامات کا ریکارڈ فراہم کر رہے ہیں، امید ہے آنے والے دنوں میں ایف آئی اے اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here